نئی دہلی، 7 ؍نومبر(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا )دہلی کے وزیرکپل مشرانے قومی دارالحکومت میں بڑھتے ہوئے فضائی آلودگی سے نمٹنے کے لئے لوگوں سے تجاویزطلب کی ہیں۔آن لائن پورٹل’’چینج ڈاٹ اپلی کیشن‘‘پر اپیل کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ دہلی میں آلودگی کی سطح اس سطح پرپہنچ گئی ہے کہ’’صحت کی ایمرجنسی ‘‘جیسی صورتحال بن گئی ہے۔انہوں نے کہاکہ میں نے بہت سے ایپلی کیشنز دیکھے ہیں اور دہلی میں آلودگی بحران سے نمٹنے کے لئے چینج ڈاٹ اپلیکشن پراپیل کی ہے۔اس مسئلے سے نمٹنے کے لئے مختلف ریاستی حکومتوں،مرکزی حکومت اور عوام سے مل جل کرکام کرنے کی اپیل کی ہے۔مشرا نے کہا کہ وہ اور دہلی کے وزیرماحولیات عمران حسین لوگوں کے مشورہ پر غور کریں گے اوروعدہ کیاکہ شہر کی حکومت تجاویز پر فوری طور پر کام کرنا شروع کرے گی۔انہوں نے کہاکہ ہمیں ایک ساتھ اس بحران کو حل کرنے کی ضرورت ہے۔شہر میں آلودگی کی گہری چادر کو دیکھتے ہوئے وزیراعلیٰ اروند کیجریوال نے بدھ تک تمام اسکولوں کو بند رکھنے، تمام تعمیراتی کاموں پر پانچ دنوں تک روکنے اور ایک پاورپلانٹ کو عارضی طور پر بند کرنے کی ہدایات دی تھیں۔